پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے مقبول فنکار سائرہ یوسف اور عدیل حسین ایک بار پھر مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔
دونوں نے 2011 میں کامیاب ڈرامے میرا نصیب سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا، جس میں ان کی آن اسکرین جوڑی کو بے حد پسند کیا گیا۔ اس ڈرامے کے بعد شائقین نے انہیں ایک خوبصورت جوڑی کے طور پر دیکھنا شروع کیا، اور یہی جوڑی تاحال مداحوں کے دلوں میں بسی ہوئی ہے۔مداحوں کی بے پناہ پذیرائی کے ساتھ ساتھ دونوں کی ذاتی دوستی بھی وقت کے ساتھ گہری ہوتی چلی گئی۔ مختلف تقریبات میں انہیں ایک ساتھ دیکھا گیا، جن میں سائرہ کے ملبوسات کے برانڈ کی لانچنگ تقریب اور ایک قریبی دوست کی شادی نمایاں ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان دونوں کی دوستی اکثر خبروں کی زینت بنتی رہی ہے۔حالیہ دنوں عدیل حسین نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ پر سائرہ یوسف اور اپنی بھانجی کے ساتھ ایک خوبصورت تصویر شیئر کی، جس میں دونوں خوشگوار موڈ میں مسکراتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ تصویر کے ساتھ اداکار نے ایک معنی خیز کیپشن لکھا:“Lucky that I call you my life”۔
اگرچہ عدیل حسین نے اپنے کیپشن میں کسی کا نام نہیں لیا، مگر مداحوں نے فوری طور پر قیاس آرائیاں شروع کر دیں کہ یہ جملہ سائرہ یوسف کے لیے ہی لکھا گیا ہے۔اس پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا پر تبصروں کا تانتا بندھ گیا۔ سابقہ اداکارہ سدرا بتول نے کمنٹ کیا:”اگر یہ خبر سچ ہے تو دونوں کے لیے بہت خوشی ہے۔“جبکہ ایک مداح نے لکھا:”ہمیشہ سے ان دونوں کی جوڑی پسند رہی ہے، اگر یہ شادی یا رشتے میں بدلتی ہے تو یہ بڑی خوشخبری ہوگی۔“مداح اب تجسس میں مبتلا ہیں کہ آیا یہ دوستی مزید آگے بڑھ کر کسی نئے رشتے میں تبدیل ہوگی یا نہیں، لیکن ایک بات طے ہے کہ سائرہ یوسف اور عدیل حسین کی جوڑی آج بھی شائقین کے دلوں پر راج کر رہی ہے۔