پاکستان کے تقریبا پچیس ملین بچے اب بھی سکولوں سے باہر ہیں:سابق صدر
اسلام آباد(آئی این پی )آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر اور پاکستان کے سابق سفیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ تعلیم میں سرمایہ کاری وقت کی اہم ضرورت ہے،ٹرانس نیشنل ایجوکیشن پاکستان کی ترقی کے نئے دروازے کھول سکتی ہے۔ان خیالات کاظہار انہوں نے بین الاقوامی تعلیم کے موضوع پر منعقدہ اعلی سطحی کانفرنس سے خطاب میں کیا ۔ا انہوں نے پاکستان کے اعلی تعلیم کے شعبے کو مضبوط بنانے، بین الاقوامی تعلیمی روابط (ٹرانس نیشنل ایجوکیشن) کے ذریعے مواقع بڑھانے اور پاکستان کو علم پر مبنی عالمی طاقت کے طور پر متعارف کرانے کا وژن پیش کیا۔سردار مسعود خان نے پاکستان میں اعلی تعلیم، ٹرانس نیشنل ایجوکیشن کا دائرہ، ملکی تعلیمی نظام پر اس کے اثرات، اور پاکستان کی قومی سمت کو اجاگر کرتے ہوئے زور دیا کہ تعلیم میں سرمایہ کاری وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانس نیشنل ایجوکیشن پاکستان کی ترقی کے نئے دروازے کھول سکتی ہے،پاکستان کی آبادی ڈھائی سو ملین ہے لیکن تقریبا پچیس ملین بچے اب بھی ،سکولوں سے باہر ہیں جو ایک ''ٹائم بم'' ہے، انسانی وسائل میں سرمایہ کاری کے بغیر نہ استحکام ممکن ہے اور نہ ہی 2047 تک دنیا کی نمایاں معیشت بننے کا خواب پورا ہوسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں یونیورسٹیوں کی تعداد 275 سے تجاوز کرچکی ہے جو ایک بڑی پیش رفت ہے، تاہم معیار، عالمی مسابقت اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگلا قدم ہماری جامعات کو بین الاقوامی معیار اور منڈیوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔