قدرتی آفات: گلگت بلتستان کی سیاحت میں 90 فیصد کمی ریکارڈ

 سیاح بیس کیمپ ہی میں رکے رہنے کے بعد واپس اپنے ملک لوٹ گئے
گلگت (آئی این پی )غیر معمولی ماحولیاتی آفات اور دیگر عوامل کے باعث رواں سال گلگت بلتستان  میں ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں شدید کمی واقع ہوئی ہے، جس سے مقامی معیشت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی تنازعات، قدرتی آفات اور دیگر مسائل کی وجہ سے خطے میں سیاحت میں 90 فیصد کمی آئی ہے۔جی بی ٹوورازم ڈپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ساجد حسین نے بتایا کہ اس سال صرف 270 غیر ملکی کوہ پیما جی بی آئے تاکہ کے ٹو، براڈ پیک، گاشربرم۔ون، گاشربرم۔ٹو اور نانگا پربت جیسی چوٹیوں کو سر کرنے کی کوشش کریں، جب کہ گزشتہ سال دو ہزار سے زیادہ غیر ملکی کوہ پیمائو ں اور ٹریکرز نے علاقے کا رخ کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ شدید موسمی حالات کی وجہ سے زیادہ تر کوہ پیما کامیابی حاصل نہیں کر سکے، پتھروں کے گرنے، برفانی تودوں اور تیز ہوائوں نے انہیں اپنی مہمات ترک کرنے پر مجبور کیا اور وہ بیس کیمپ ہی میں رکے رہنے کے بعد واپس اپنے ملک لوٹ گئے۔