شام کے وسطی صوبے حمص میں مزدوروں کو لے جانے والی گاڑی پر مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک جبکہ 4 زخمی ہوگئے۔
واقعہ جسرِ مصیاف کے مقام پر پیش آیا، جہاں ایک نجی کمپنی کے مزدور اور انجینئرز گاڑی میں سوار تھے۔ نامعلوم مسلح افراد نے گاڑی کو نشانہ بنایا اور فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔زخمیوں کو حمص کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا، جبکہ واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کردی۔تاحال کسی گروہ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی اور حکام کی جانب سے حملہ آوروں یا حملے کے محرکات سے متعلق حتمی معلومات جاری نہیں کی گئیں۔یہ واقعہ شام میں بشار الاسد حکومت کے خاتمے کے بعد جاری سکیورٹی چیلنجز کے تناظر میں پیش آیا ہے، تاہم اس مخصوص حملے کو کسی تنظیم سے جوڑنے کے لیے فی الحال کوئی قابلِ اعتماد شواہد سامنے نہیں آئے۔