جنوبی افریقہ میں گھر پر مسلح افراد کی فائرنگ، 11 افراد ہلاک، 3 زخمی

جنوبی افریقہ میں گھر پر مسلح افراد کی فائرنگ، 11 افراد ہلاک، 3 زخمی

ڈربن: جنوبی افریقہ کے مشرقی صوبے کوازولو نٹال میں مسلح افراد نے رات گئے ایک گھر میں گھس کر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔

رپورٹس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ڈربن کے جنوب میں واقع ایک ٹاؤن شپ میں پیش آیا، جہاں متاثرین ایک رہائشی املاک کے اندر جمع تھے۔ مقامی وقت کے مطابق رات 11 بجے سے قبل نامعلوم مسلح حملہ آور احاطے میں داخل ہوئے اور وہاں موجود افراد پر فائرنگ کردی۔فائرنگ کے نتیجے میں 10 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ ایک زخمی شخص کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گیا۔جنوبی افریقہ کے ایک ٹیلی ویژن نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ایک حاملہ خاتون بھی شامل ہے۔ حملے میں تین افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔واقعے کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

 پولیس کے مطابق فرار ہونے سے قبل مسلح افراد نے گھر کے مالک کی گاڑی کو بھی آگ لگا دی۔حکام کی جانب سے واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں تاہم تاحال فائرنگ کے محرکات سامنے نہیں آسکے۔ پولیس نے حملے میں ملوث مشتبہ افراد کی شناخت یا کسی گرفتاری کی تصدیق نہیں کی۔جنوبی افریقہ میں مسلح فائرنگ کے واقعات ایک عرصے سے سکیورٹی حکام کے لیے تشویش کا باعث رہے ہیں، تاہم اس واقعے کے حوالے سے مزید تحقیقات کے بعد ہی حملہ آوروں اور فائرنگ کی وجوہات سے متعلق تفصیلات سامنے آنے کی توقع ہے۔