گداگری کی آڑ میں جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن

 1556 گرفتار ، 1537 مقدمات، 1525 مرد اور 31 خواتین شامل:سی سی پی او بلال
 لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس نے پیشہ ور گداگروں اور گداگری کی آڑ میں جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق ماہِ ستمبر کے دوران پیشہ ور گداگروں کے خلاف کارروائیوں میں 679 افراد کو گرفتار کرکے 671 مقدمات درج کیے گئے۔ترجمان کے مطابق رواں سال اب تک پیشہ ور گداگروں کے خلاف کارروائیوں کے دوران 1556 افراد گرفتار جبکہ 1537 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔ گرفتار ہونے والوں میں 1525 مرد اور 31 خواتین شامل ہیں۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ گداگری کی آڑ میں جرائم میں ملوث عناصر کو قانون کی گرفت میں لایا جا رہا ہے، جبکہ معذوروں کا روپ دھار کر شہریوں کو لوٹنے والے بہروپیوں کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ معصوم بچوں کو گداگری پر مجبور کرنے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے اور گداگر مافیا کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔سی سی پی او لاہور نے ٹریفک سگنلز، اہم شاہراہوں اور عوامی مقامات پر پیشہ ور گداگروں کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔