پاکستانی اداکار احد رضا میر نے مداحوں کو حیران کرتے ہوئے 2027 میں شوبز سے ایک سال کا وقفہ لینے کا اعلان کردیا۔
لائیو سیشن کے دوران احد رضا میر نے مداحوں کو اپنے فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ سب لوگ آئندہ سال ان کی عدم موجودگی کے لیے پہلے سے تیار رہیں۔اداکار کے مطابق وہ 2027 میں اپنی تمام پیشہ ورانہ مصروفیات سے مکمل طور پر دور رہیں گے اور یہ وقت اپنے اہلخانہ کے ساتھ گزارنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے اس دوران انسٹاگرام سے بھی دور رہنے کا ارادہ ظاہر کیا۔احد رضا میر نے اپنے فیصلے کو ’نیم ریٹائرمنٹ‘ قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ یہ شوبز سے مستقل کنارہ کشی نہیں بلکہ عارضی وقفہ ہوگا۔اداکار کا کہنا ہے کہ وہ 2027 میں اپنی پیشہ ورانہ زندگی سے وقفہ لے کر ذاتی اور خاندانی زندگی پر توجہ دینا چاہتے ہیں۔ ان کا یہ اعلان اس لیے بھی توجہ کا مرکز بنا ہے کہ ان کے کئی منصوبے زیر تکمیل یا متوقع ہیں۔احد رضا میر کے آنے والے منصوبوں میں یمنیٰ زیدی کے ساتھ ڈرامہ ’کیف فراق‘ جبکہ نیٹ فلکس کا متوقع پروجیکٹ ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ بھی شامل ہے۔