پنجاب کی کوٹ لکھپت جیل میں قید پی ٹی آئی رہنماؤں نے مل کر ایک مشترکہ خط لکھا ہے، جس میں انہوں نے سیاسی، تنظیمی اور انسانی امور سے متعلق اپنی تشویشات اور مطالبات کا اظہار کیا ہے۔
خط کے مطابق، رمضان المبارک میں ہر قسم کی احتجاجی تحریک کو مؤخر کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ رہنماؤں نے بانی پی ٹی آئی پر حالیہ بیان بازی کی سخت مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی مشکل حالات میں باوقار طریقے سے جیل کاٹ رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے سیاست بند کی جائے۔خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں اور ذاتی ڈاکٹرز سے مشورہ لے کر ان کا علاج کروایا جائے۔ تحریک تحفظ آئین پاکستان سے بھی درخواست کی گئی ہے کہ وہ پارلیمان میں بھرپور سیاست کرے۔
رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ تحریک انصاف کے ہر سطح کے عہدیدار نئے سرے سے تنظیم کو منظم کریں، اور پورے ملک میں بلدیاتی انتخابات کے لیے تنظیم کو نچلی سطح تک لے کر جائیں۔مزید یہ کہ، خط میں ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی، مہنگائی، بے روزگاری اور اسکولوں سے بچوں کے باہر ہونے کے مسئلے کو اجاگر کیا گیا ہے، اور کہا گیا ہے کہ کرپشن کو ہر جگہ نمایاں کیا جائے۔