الیکٹرانک فائلنگ، عدالتی ریکارڈ اور دیگر کارروائیوں کو ڈیجیٹل نظام کے تحت لایا جائے گا
لاہور(آئی این پی ) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کی جانب سے اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں سے متعلق خصوصی عدالتوں کیلئے ای فائلنگ اینڈ پروسیجر رولز 2026 جاری کردیئے گئے۔رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نئے قواعد پنجاب اسٹیبلشمنٹ آف سپیشل کورٹس (اوورسیز پاکستانی پراپرٹی) ایکٹ 2025 کے تحت مرتب کیے گئے ہیں۔نئے قواعد کے تحت اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں سے متعلق خصوصی عدالتوں میں مقدمات کی الیکٹرانک فائلنگ، سماعت، عدالتی ریکارڈ اور دیگر کارروائیوں کو ڈیجیٹل نظام کے تحت لایا جائے گا۔قواعد کے مطابق ای فائلنگ کے لئے لاہور ہائیکورٹ کے منظور شدہ پورٹل کا استعمال کیا جائے گا، جہاں درخواستیں، دستاویزات، حلف نامے اور دیگر متعلقہ ریکارڈ الیکٹرانک صورت میں جمع کرائے جاسکیں گے، فائلنگ کے بعد درخواست گزار کو الیکٹرانک رسید، فائلنگ نمبر اور ادائیگی کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں گی۔،نئے طریقہ کار کے تحت وکلا اور فریقین کو پورٹل پر رجسٹریشن کرانا ہوگی جبکہ بنیادی الیکٹرانک پتے اور شناختی معلومات کے ذریعے رسائی دی جائے گی عدالت کو فریقین کی درخواست پر یا مناسب سمجھنے کی صورت میں کارروائی الیکٹرانک ذرائع سے آگے بڑھانے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔قواعد میں واضح کیا گیا ہے کہ فائل کی جانے والی دستاویزات قابلِ قبول، پڑھنے کے قابل اور مقررہ فارمیٹ میں اپ لوڈ کرنا ہوں گی، تصاویر، آڈیو، ویڈیو، نقشے اور دیگر متعلقہ مواد بھی عدالت کے منظور شدہ طریقہ کار کے مطابق الیکٹرانک ریکارڈ کا حصہ بن سکیں گے