جرمنی کے شہر میونخ میں ایک خوفناک واقعے نے شہریوں کو دہشت میں مبتلا کر دیا ہے۔
میونخ کے ایک رہائشی علاقے میں تین دھماکوں کے ساتھ فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں، جس کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق پولیس کو جائے وقوعہ سے ایک شخص کی لاش اور ایک زخمی فرد ملا ہے۔ ذرائع کے مطابق مردہ شخص نے مبینہ طور پر گھر میں دھماکا خیز مواد نصب کیا اور خودکشی کر لی۔ اس کے بیگ میں بھی بارودی مواد پایا گیا، جس کی وجہ سے علاقے میں حفاظتی اقدامات کو بڑھا دیا گیا۔
پولیس نے علاقے کو سیل کر دیا اور قریبی اسکول کو بند کر کے طلبہ اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا۔ ریسکیو ٹیمیں زخمی شخص کا علاج کر رہی ہیں اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ حکام نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ علاقے میں احتیاط برتیں اور غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں۔اس واقعے نے میونخ میں سکیورٹی خدشات کو بڑھا دیا ہے اور پولیس کی جانب سے مزید حفاظتی اقدامات اٹھانے کی اطلاعات ہیں۔