کوئٹہ: ماڈل ٹاؤن خودکش حملے کے بعد سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کے خلاف مقدمہ درج

کوئٹہ: ماڈل ٹاؤن خودکش حملے کے بعد سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کے خلاف مقدمہ درج

کوئٹہ کے ماڈل ٹاؤن میں 30 ستمبر 2025 کو ناکام خودکش حملے کے بعد کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 1997 کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔

 پولیس کے مطابق حملہ فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی کارروائی تھی، جو بھارتی خفیہ ایجنسیوں کے پراکسی کے طور پر کام کر رہے تھے۔حملہ صبح ہالی روڈ پر ماڈل ٹاؤن پشین اسٹاپ کے قریب ایک سوزوکی وین میں بارودی مواد کے ساتھ کیا گیا، جس میں ایف سی ہیڈکوارٹرز کو نشانہ بنایا گیا۔ سیکیورٹی فورسز کی فوری کارروائی سے خودکش حملہ آور سمیت پانچ دہشت گرد مارے گئے، جبکہ 12 شہری شہید اور 35 زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو سول اسپتال، بولان میڈیکل کمپلیکس اور سی ایم ایچ منتقل کیا گیا، اور دو ایف سی اہلکار بھی شدید زخمی ہوئے۔دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری تعداد میں دستی بم، جدید اسلحہ، گرنیڈ لانچرز اور دیگر دھماکا خیز مواد برآمد ہوا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کے خاندانوں کے لیے امداد اور زخمیوں کے بہترین علاج کی ہدایات جاری کیں۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف سی جوانوں کی بہادری کو سراہا اور کہا کہ دہشت گردوں کو عبرتناک انجام ملا۔