پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس اکاؤنٹ کے استعمال کے معاملے پر این سی سی آئی اے نے انہیں دوبارہ تفتیش کے لیے طلب کر لیا ہے۔
تفتیش سوالنامے کے تحریری جوابات کی روشنی میں کی جائے گی اور سوشل میڈیا پر حالیہ ٹوئیٹس بھی تحقیقات کا حصہ بن گئے ہیں۔پہلی تفتیش میں بھی عمران خان سے تین گھنٹے سے زائد پوچھ گچھ ہوئی تھی، تاہم انہوں نے سوالنامے کے بجائے سوشل میڈیا پر ٹوئیٹس کیے۔ این سی سی آئی اے کی ٹیم اب ایکس پر ہونے والی پوسٹس کے جوابات بھی طلب کرے گی۔21 نکاتی سوالنامے میں یہ پوچھا گیا کہ جیل میں ہونے کے باوجود ایکس اکاؤنٹ فعال کیسے ہے، اکاؤنٹ کہاں سے اور کون آپریٹ کرتا ہے، کیا ذاتی اکاؤنٹ سے ہونے والی پوسٹس تسلیم کرتے ہیں، اور ملک مخالف ٹوئیٹس ان کی مرضی سے پوسٹ کی جاتی ہیں یا نہیں۔ذرائع کے مطابق این سی سی آئی اے کی ٹیم دو مرتبہ عمران خان سے ملاقات کرچکی ہے، لیکن انہوں نے تعاون نہیں کیا اور دوسری ملاقات میں تلخ کلامی بھی ہوئی، جس کے بعد تحریری سوالنامہ فراہم کیا گیا۔