ویب ڈیسک: چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے بھارتی الزام تراشیوں پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو پہلگام واقعے سے متعلق پہلے تفتیش کرنی چاہیے، پھر الزامات لگانے چاہئیں۔
کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گیلانی نے کہا کہ بھارت کشمیر کے مسئلے کو دنیا سے چھپا نہیں سکتا اور وہ عالمی سطح پر اس مسئلے کو دبانے کی کوششیں کر رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر بلاجواز الزامات عائد کرنے سے خطے میں کشیدگی بڑھ رہی ہے اور اس کے اثرات پورے جنوبی ایشیا پر مرتب ہو سکتے ہیں۔دوسری جانب، گورنر سندھ نے بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستان کے پانی بند کرنے کی دھمکیوں پر شدید ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار کی جانب سے پاکستان کے پانی کے وسائل پر حملہ پاکستان کے لیے ناقابل قبول ہے۔ گورنر سندھ نے اس بات کا یقین دلایا کہ قوم کو کسی قسم کی پریشانی کی ضرورت نہیں، کیونکہ پاکستان کی افواج ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں اور بھارت کے کسی بھی غیر قانونی اقدام کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔یہ بیانات اس وقت سامنے آئے ہیں جب بھارت نے کچھ دن قبل پاکستان کے خلاف نئے الزامات عائد کیے تھے، جن میں خاص طور پر پاکستان پر دہشت گردی کی پشت پناہی کا الزام تھا۔ پاکستانی قیادت نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ پہلے تحقیقات کرے اور پھر کسی قسم کا الزام لگائے۔