لاہور (کرائم رپورٹر) حکومت پنجاب کے شہداء پیکج کے تحت 17 شہدائے پولیس کو گھر اور مالی مراعات دینے کی منظوری دے دی گئی۔ صوبائی وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت محکمہ داخلہ میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں فرائض کی ادائیگی کے دوران شہید ہونے والے پولیس ملازمین کیلئے شہدا پیکج کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی ، ایڈیشنل آئی جی عمران احمد، ڈی آئی جی ویلفئر غازی صلاح الدین، ایڈیشنل سیکرٹری پولیس کنور انوار علی خاں، محکمہ خزانہ اور محکمہ قانون کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں پولیس شہداء پیکج کی مختلف کیٹگریز کا ازسرنو جائزہ لیا گیا اور شہید پیکج 3 کے رولز میں تبدیلی کا فیصلہ ہوا۔ صوبائی وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتی نے بتایا کہ پیکچ 3 کیٹگری کے شہداء کو مراعات میں گھر دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب کابینہ سے شہید پیکج 3 کے رولز میں تبدیلی کی منظوری لی جائے گی۔ اس سے قبل شہید پیکج 3 میں ورثاء کو گھر کے علاوہ دیگر مراعات ملتی تھیں جبکہ شہید پیکج 1 اور 2 میں پہلے ہی ورثاء کو گھر بھی دیا جاتا ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب میں ہونے والے اہم اجلاس کے دوران 17 شہدائے پولیس کو شہید پیکج دینے کیلئے کیسز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق فیصل اباد کے اے ایس آئی عبید اللہ آصف کو شہید پیکج 2 دینے کی منظوری دی گئی۔ اسی طرح ملتان کے اے ایس آئی محمد اکبر کو شہید پیکج 2، ڈی جی خان کے اے ایس آئی غلام صابر اور کانسٹیبل غلام فرید کیلئے پیکج 2، راولپنڈی کے ہیڈ کانسٹیبل ارتفاع علی کیلئے شہید پیکج 2، بہاولپور کے شہید کارپورل ممتاز حسین کیلئے پیکج 3، سرگودھا میں شہید ہونے والے کانسٹیبل عبدالشفیق اور محمد عمران کیلئے پیکج 2 کی منظوری دی گئی۔ اجلاس نے اٹک کے کانسٹیبل قدیر خان کیلئے شہید پیکج 2، فیصل آباد کے کانسٹیبل محمد اصف کیلئے شہید پیکج 2، ڈی جی خان کے کانسٹیبل رئیس راجہ کیلئے پیکج 2، لاہور کے کانسٹیبل عامر لیاقت علی کیلئے شہید پیکچ 2، راولپنڈی کے کانسٹیبل سجاد حسین کیلئے پیکج 2 جبکہ راجن پور کے کانسٹیبل محمد عاقب کیلئے شہید پیکج 3 کی منظوری دی۔ جہلم کے شہید کانسٹیبل حید علی شاہ کیلئے شہید پیکج 2، فیصل آباد کے ٹریفک وارڈن منور حسین کیلئے شہید پیکج 2 اور اوکاڑہ کے کانسٹیبل محمد سیف اللہ کیلئے شہید پیکج 2 کی منظوری دی گئی۔ یاد رہے کہ شہید پیکج 2 کے تحت اے ایس آئی کے ورثاء کو 50 لاکھ، گھر اور دیگر مراعات ملتی ہیں جبکہ پیکچ 2 کے تحت شہید کانسٹیبل، ہیڈ کانسٹیبل کو 40 لاکھ، گھر اور دیگر مراعات ملتی ہیں۔ اسی طرح پیکچ 3 کے تحت شہید ہونے کانسٹیبل اور ٹریفک وارڈن کو 35 لاکھ اور دیگر مراعات ملتی ہیں۔