کرکٹ جریدے وزڈن نے ایشیا کپ کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان کر دیا ہے، جس میں پاکستان کے نوجوان کرکٹر صائم ایوب کو شامل کرلیا گیا ہے، حالانکہ وہ بیٹنگ میں ناکام رہے تھے۔
ٹیم کے اوپنرز میں بھارت کے ابھیشیک شرما اور سری لنکا کے پاتھم نسانکا شامل ہیں، جبکہ صائم ایوب کو ون ڈاؤن پوزیشن پر رکھا گیا ہے۔صائم ایوب نے ایونٹ میں مجموعی طور پر صرف 37 رنز بنائے، وہ بھی 5.28 کی اوسط سے۔ وہ سات اننگز میں سے چار بار صفر پر آؤٹ ہوئے۔ وزڈن کے مطابق یہ سلیکشن شاید "سب سے متنازع فیصلہ" ہے، کیونکہ سوال یہ ہے کہ آخر ایسے کھلاڑی کو کس بنیاد پر شامل کیا گیا جو بیٹنگ میں ناکام رہا؟
تاہم، وزڈن نے وضاحت کی ہے کہ صائم ایوب کو ٹیم میں شامل کرنے کی اصل وجہ ان کی بولنگ پرفارمنس ہے۔ انہوں نے نہ صرف مخالف ٹیم کے اسکور کو روکا بلکہ اہم وکٹیں بھی حاصل کیں، جن میں شبمن گل، ابھیشیک شرما اور تلک ورما کی قیمتی وکٹیں شامل ہیں۔ وزڈن کے مطابق صائم کی بیٹنگ سے زیادہ ان کی اسپن بولنگ نے جگہ بنائی، اور ان کے رنز کو "بونس" قرار دیا گیا۔
وزڈن الیون میں پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی بھی شامل ہیں۔
دیگر کھلاڑیوں میں:
تلک ورما (بھارت)
سنجو سیمسن (بھارت)
عظمت اللہ عمرزئی (افغانستان)
اکشر پٹیل (بھارت)
ڈاسن شناکا (سری لنکا)
کلدیپ یادیو (بھارت)
مستفیض الرحمان (بنگلہ دیش)