ٹرین حادثے کا شکار ،1 مسافرجاں بحق،33زخمی

 حادثہ اوور سپیڈ،ڈرائیور کی غفلت کا نتیجہ، ابتدائی رپورٹ سامنے آ گئی 
لودھراں (خصوصی رپورٹ)لودھراں ریلوے سٹیشن کے قریب پشاور سے کراچی جانے والی عوامی ایکسپریس ٹرین ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب حادثے کا شکار ہوگئی، چھ بوگیاں پٹڑی سے اتر کر الٹ گئیں، ایک مسافر جاں بحق اور33 زخمی ہوگئے۔ حادثہ کے بعد ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور ریلوے حکام موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں،حادثہ رات دو بجکر دس منٹ پر پیش آیا۔حادثے کی ابتدائی رپورٹ ریلوے ہیڈکوارٹرکوموصول ہوگئی ،جوائنٹ سرٹیفکیٹ میں حادثے کی وجہ ٹرین ڈرائیورکی غفلت بتائی گئی، بتایا گیا کہ حادثہ ٹرین کے اوور سپیڈ ہونے کے باعث پیش آیا،ڈرائیورٹرین کو کنٹرول کرنے اوربروقت روکنے میں ناکام رہا۔ ریسکیو عملے نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ضلعی ہسپتال منتقل کیا، جاں بحق مسافر کی شناخت خوشاب کے رہائشی وقاص ولد اللہ ودھایا کے نام سے ہوئی ہے ۔ زخمیوں میں محمد وسیم ، تنویر ،ذوالفقار احمد ،شفہ،نور محمد،شمیر ، رمضان ،رحیم ،عثمان ، یاسین ایمان ، کاشف ،خالد ، اذمینہ،مانشاہ بی بی،عاطف ،ظہور احمد، غلام یاسین ،مزمل،عباس ،اللہ حجانی، عدنان،ندیم عابدودیگرشامل ہیں، تین زخمیوں کو تشویشناک حالت کے باعث بہاولپور ریفر کردیا گیا۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نذیر اور پاک فوج کے افسروں نے ہسپتال میں مریضوں کی عیادت کی اور انتظامیہ کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے زخمیوں کو علاج معالجے کے ساتھ کھانا بھی فراہم کیا گیا۔ریلوے حکام نے باقی مسافروں کو دوسری ٹرینوں کے ذریعے کراچی روانہ کرکے ریلوے ٹریک بحال کر دیا۔وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے واقعہ کے بعد دورہ کراچی منسوخ کرکے لاہور ہیڈکوارٹرز میں ہنگامی اجلاس طلب کرلیا اور اعلان کیا کہ وہ آج لودھراں میں جائے حادثہ کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حادثہ کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔