آپریشنز سوراب اور مستونگ کے علاقوں میںکئے گئے،دہشت گردی کے خاتمے تک کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی:آئی ایس پی آر
فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف موثرکارروائیاں قومی امن کے لئے ناگزیر ہیں:صدرآصف علی زرداری
سوراب ،مستونگ ‘اسلام آباد(آن لائن)بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خلاف گزشتہ اڑتالیس گھنٹوں کے دوران انٹیلی جنس بیسڈ مشترکہ آپریشنز میں 10 دہشت گرد ہلاک کر دیے، جبکہ دو خودکش بمبار خواتین اور ایک سہولت کار کو گرفتار کر لیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے اضلاع سوراب اور مستونگ میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف جامع مشترکہ کارروائیاں کی گئیں۔ آپریشن کے دوران ضلع سوراب میں سات دہشت گرد مارے گئے، جبکہ ضلع مستونگ میں تین دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مستونگ میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والی دو خودکش بمبار خواتین اور ایک سہولت کار کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے سیکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف مؤثر کارروائیاں قومی امن کے لئے ناگزیر ہیں۔صدر نے کہا کہ بیرونی مداخلت کی وجہ سے ہونے والی دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی