ناقص سپر ویژن ، کارکردگی پر کئی افسروں کو اظہار وجوہ کے نوٹس بھی جاری
لاہور (کرائم رپورٹر) ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ کی زیر صدارت ماڈل ٹاؤن ڈویژن کا اہم اجلاس منعقد ہواجس میں ڈویڑن کے تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔ ترجمان پولیس کے مطابق اجلاس میں رواں ماہ کے دوران تھانوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ایس ایچ اوز سے کارکردگی کے حوالے سے پوچھ گچھ بھی کی گئی۔اجلاس میں جرائم کی بیخ کنی، سٹریٹ کرائم کی روک تھام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا ایس پی اخلاق اللہ تارڑ نے ہدایت کی کہ کرائم کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ ناقص سپرویڑن اور کمزور کارکردگی پر بعض افسران کو اظہار وجوہ کے نوٹس بھی جاری کیے گئے۔ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ نے کہا کہ ریکارڈ یافتہ ملزمان، اشتہاریوں اور عدالتی مفروران کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں۔ انہوں نے ڈویڑن میں سنیپ چیکنگ اور ناکہ بندی کو مؤثر بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جعلی، بغیر نمبر پلیٹ، فلیشر یا ریوالونگ لائٹس والی گاڑیوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جائیاخلاق اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ پتنگ بازی کی روک تھام کے لیے دورانِ پٹرولنگ خصوصی توجہ دی جائے، جبکہ ٹی ایل پی اور افغان باشندوں کے حوالے سے جاری احکامات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔