پنجاب میں قبضہ مافیا کے خاتمے کے لیے وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ اب کسی غریب اور کمزور کی زمین پر قبضہ نہیں ہوگا۔
نئے پراپرٹی آرڈیننس کی منظوری کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے قبضہ مافیا کا مستقل راستہ روک دیا ہے۔عظمیٰ بخاری کے مطابق 40، 40 سال سے زمینوں پر قبضہ کے کیسز عدالتوں میں زیر التوا تھے، مگر ان کے فیصلے بروقت نہیں آ رہے تھے۔ اب ہر قبضہ کے کیس کا فیصلہ 90 روز کے اندر ہوگا تاکہ عدالتی نظام کو موثر اور فوری بنایا جا سکے۔ مریم نواز پنجاب کے نظام کو حقیقی طور پر ریاست بنانا چاہتی ہیں، جہاں کسی کو غیر قانونی سرگرمیوں، اسلحہ کی نمائش اور خوف و ہراس پھیلانے کی اجازت نہ دی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے عوام کے حقوق کا تحفظ اور کاروبار کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا مریم نواز کی اولین ترجیح ہے۔ پنجاب میں ترقی اور گورننس کا جو ٹرینڈ مریم نواز نے شروع کیا ہے، وہ باقی صوبوں کے لیے رول ماڈل بن چکا ہے۔مریم نواز پنجاب کے عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے روزانہ نئے منصوبے شروع کر رہی ہیں، اور وسائل و فنڈز کا درست استعمال، میرٹ اور شفافیت پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں کی پہچان بن چکے ہیں۔