لاہور کینال روڈ پر الیکٹرک ٹرام منصوبہ سیلاب کی وجہ سے مؤخر ہو گیا ہے۔
وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کا کہنا ہے کہ سیلاب متاثرین کے لیے 130 ارب روپے کی امداد فراہم کی جا رہی ہے، اور ابھی اس منصوبے کا آغاز نہیں کیا جا رہا۔ دسمبر میں وزیراعلی سے مزید تجاویز منظور کروائی جائیں گی، اور منصوبہ ایک سے سوا سال میں عملی شکل اختیار کرے گا۔وزیر ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ آئندہ سال فروری میں کینال روڈ پر الیکٹرک ٹرام شروع نہیں ہو سکے گی، اور منصوبہ کی مکمل تکمیل میں ایک سے سوا سال لگیں گے۔ اس دوران، تین نئی تجاویز دسمبر میں وزیر اعلی کو پیش کی جائیں گی۔ علاوہ ازیں، لاہور میں چھ میٹرو لائنز کی ضرورت ہے، اور موجودہ کوشش ہے کہ ایک سے دو اضافی لائنز شروع کی جائیں۔ ورلڈ بینک کے تعاون سے 25 کروڑ ڈالرز کی لاگت سے مزید 400 بسیں چلائی جائیں گی، اور شہر میں 800 الیکٹرک بسیں شامل کرنے کا منصوبہ ہے۔