پیپلز پارٹی تین دھڑوں میں تقسیم ہو گئی، پارٹی قیادت گروپ بندی ختم کرانے میں ناکام، فیصلہ سازی کا اختیار مرکزی قیادت کے پاس چلا گیا
اسلام آباد (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بغیر کسی فیصلے کے اختتام پذیر ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر کے امیدوار کے نام پر اختلافات برقرار رہے۔پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت پارلیمانی پارٹی کے اندر گروپ بندی ختم کرانے میں ناکام رہی۔ اجلاس کے دوران مختلف دھڑوں نے اپنے اپنے امیدوار کی حمایت سے دستبرداری سے انکار کر دیا۔ذرائع کے مطابق پارلیمانی پارٹی اس وقت سردار محمد یعقوب، چوہدری لطیف اکبر اور چوہدری محمد یاسین کے گروپوں میں منقسم ہے۔ قیادت کی جانب سے مسلسل مشاورت کے باوجود اراکین کسی مشترکہ امیدوار پر متفق نہ ہو سکے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ قیادت پارلیمانی پارٹی کو وزیراعظم کے نام پر قائل کرنے میں ناکام رہی، جس کے بعد فیصلہ سازی کا اختیار پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت نے اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے۔