امید ہے سہیل آفریدی میری پیشکش قبول کرینگے صوبوں سے مل کر دہشت گردی ختم کرینگے شہبازشریف
اللہ تعالی نے پاکستان کو بے شماروسائل سے نوازا ہے، بھارت کو جنگ میں شکست فاش دی، فیلڈ مارشل اورافواج پاکستان کی بہادری کوسلام پیش کرتا ہوں،خیبرپختونخوا کے غیور عوام نے پاکستان کیلئے بہت قربانیاں دی ہیں
تعلیم کی بہترین سہولیات عوام کا بنیادی حق ہیں‘چترال کے لوگوں کیلئے تعلیم کا تحفہ لایا ہوں، دانش سکول کا تحفہ کوئی احسان نہیں، آپ کا حق ہے: دانش سکول کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب
چترال(آئی این پی) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے وزیراعلی سہیل آفریدی کو مبارکباد دیتا ہوں ، مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کریں گے۔دانش سکول کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چترال خیبرپختونخوا کا خوبصورت علاقہ ہے، خیبرپختونخوا کے غیور عوام نے پاکستان کیلئے بہت قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ چترال کے خوبصورت علاقے میں آنیکا موقع ملا،خیبرپختونخوا کے بہادرغیورعوام نے پاکستان کے لیے بے پناہ قربانیاں دیں، یہاں کے لوگ بہت مہذب اور پرامن ہیں، خیبرپختونخوا اور چترال کی حب الوطنی مثالی ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تعلیم کی بہترین سہولیات عوام کا بنیادی حق ہیں،چترال کے لوگوں کیلئے تعلیم کا تحفہ لایا ہوں، دانش سکول کا تحفہ کوئی احسان نہیں، آپ کا حق ہے۔شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے نئے وزیراعلی سہیل آفریدی کومنتخب ہونے پرمبارکباد دی، نئے وزیراعلی کو بھرپور تعاون کرنے کی یقین دہانی کرائی کرتے ہوئے کہا کہ مجھے امید ہے وہ میری پیشکش کو قبول کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم ملکر پاکستان کو عظیم بنائیں گیاور دہشت گردی،بدامنی کا مقابلہ کریں گے، اللہ تعالی نے پاکستان کو بے شماروسائل سے نوازا ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ بھارت کوچاردن کی جنگ میں شکست فاش دی، فیلڈ مارشل اورافواج پاکستان کی بہادری کوسلام پیش کرتا ہوں۔