سیاسی جماعتوں نے عوام کو مفادات کے جال میں جکڑ رکھا ہے: حافظ نعیم الرحمٰن

سیاسی جماعتوں نے عوام کو مفادات کے جال میں جکڑ رکھا ہے: حافظ نعیم الرحمٰن

اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں صرف اپنے مفادات کے تحفظ میں مصروف ہیں، جبکہ عوام کو مسلسل مہنگائی، کرپشن اور استحصالی نظام کے دائرے میں پھنسا دیا گیا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ تنخواہوں میں اضافے اور سینیٹ کی نشستوں پر تو سب سیاسی جماعتیں اکٹھی ہو جاتی ہیں، مگر جب عوامی مسائل کی بات آتی ہے تو سب ایک دوسرے سے لاتعلق ہو جاتی ہیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل پر صرف جماعت اسلامی کی آواز باقی ہے، باقی تمام جماعتیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے مہنگائی، بجلی، گیس، پیٹرول اور چینی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف منظم طور پر ملک گیر احتجاج کیا۔

چینی مافیا پر سخت تنقید
حافظ نعیم الرحمٰن نے چینی بحران پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چینی مافیا آج بھی سرگرم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے چینی کی ایکسپورٹ کیوں کی گئی؟ انہوں نے انکشاف کیا کہ ملک کی 89 شوگر ملز میں سے 90 فیصد کا تعلق مسلم لیگ (ن) یا پیپلز پارٹی سے ہے۔ ان شوگر مل مالکان نے ہمیشہ ہر حکومت میں اپنی مرضی کے فیصلے کروائے اور مراعات حاصل کیں۔

ملک گیر احتجاج کا اعلان
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اتوار کے روز اسلام آباد سمیت ملک بھر کے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پر احتجاجی مظاہرے کرے گی تاکہ عوام کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف آواز بلند کی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر 15 دن بعد پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کر دیا جاتا ہے، لیکن عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک نہیں پہنچایا جاتا۔

گیس معاہدوں اور انڈسٹری پر تحفظات
حافظ نعیم الرحمٰن نے قطر کے ساتھ ایل این جی معاہدوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان معاہدوں میں پاکستان کی موجودہ معاشی صورتحال کا کوئی خیال نہیں رکھا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انڈسٹری سے وابستہ افراد بارہا کہہ چکے ہیں کہ انہیں خود گیس امپورٹ کرنے کی اجازت دی جائے تاکہ کاروباری لاگت میں کمی آ سکے۔

سیاسی جماعتوں پر الزام
آخر میں انہوں نے کہا کہ تمام بڑی سیاسی جماعتیں صرف الیکشن، مفادات اور اقتدار کے کھیل میں لگی ہوئی ہیں، جبکہ عوامی خدمت صرف جماعت اسلامی کا ایجنڈا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس استحصالی نظام کے خلاف جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔