یومِ مزدور: حکمران مزدوروں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں، حافظ نعیم الرحمٰن

یومِ مزدور: حکمران مزدوروں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں، حافظ نعیم الرحمٰن

یومِ مزدور کے موقع پر امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے مزدوروں کی فلاح و بہبود پر زور دیتے ہوئے حکمران طبقات سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ محنت کش طبقے کے مسائل کا ادراک کریں اور ان کے لیے عملی اقدامات کریں۔

اپنے پیغام میں حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ معاشرے کی ترقی میں مزدوروں کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے اور ان کے حقوق کا تحفظ حکومت کی دینی، انسانی اور آئینی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ محض تقاریر اور دعووں سے کام نہیں چلے گا، حکومت کو مزدوروں کی اجرت، تحفظ اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہوگا۔انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ یومِ مزدور کو رسمی کارروائی نہ بنایا جائے بلکہ اس دن کو مزدوروں کے مسائل حل کرنے کی عملی بنیاد بننا چاہیے۔

یاد رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یومِ مزدور منایا جا رہا ہے، اور اس مناسبت سے ملک بھر میں عام تعطیل ہے۔ اس دن کی مناسبت سے مختلف شہروں میں ریلیاں، سیمینارز، اور مزدور حقوق سے متعلق تقریبات منعقد ہو رہی ہیں۔پاکستان میں یومِ مزدور کو سرکاری سطح پر منانے کا آغاز 1973 میں وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں ہوا تھا، جب اسے سرکاری تعطیل قرار دیا گیا۔ تب سے لے کر آج تک یہ دن محنت کشوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے طور پر منایا جاتا ہے۔