ایران سے جعلی دستاویزات کے ذریعے تجارت، بھارت کو امریکی پابندیوں کا سامنا ہونے کا خدشہ بڑھ گیا

ایران سے جعلی دستاویزات کے ذریعے تجارت، بھارت کو امریکی پابندیوں کا سامنا ہونے کا خدشہ بڑھ گیا

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک بار پھر عالمی سطح پر تنقید کا سامنا ہے کیونکہ حالیہ رپورٹس میں انکشاف ہوا ہے کہ ایرانی نژاد یوریا بھارت میں مبینہ طور پر جعلی شپنگ دستاویزات کے ذریعے درآمد کی گئی ہے۔ 
رپورٹس کے مطابق، یہ کارگو آدیتیہ برلہ گلوبل ٹریڈنگ سے منسلک تھا، جسے ابتدا میں ایران کی عسلوئیہ بندرگاہ سے لوڈ کیا گیا۔ تاہم، بعد میں دستاویزات میں تبدیلی کر کے اس کا ماخذ عمان ظاہر کیا گیا، جس کا مقصد بین الاقوامی پابندیوں سے بچاؤ کا ظاہر ہوتا ہے۔ یہ معاملہ نہ صرف عالمی قوانین کی ممکنہ خلاف ورزی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے بلکہ اس نے بھارت کے سرکاری اداروں کی نگرانی اور شفافیت پر بھی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ خاص طور پر، بھارت کی وزارتِ کیمیکلز و فرٹیلائزرز کی جانب سے اس شپمنٹ کی منظوری کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، کیونکہ رپورٹس کے مطابق اس کی تصدیق کے بغیر اسے کلیئر کیا گیا۔ 
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کیس کے نتیجے میں بھارت کو امریکی پابندیوں کے نظام او ایف اے سی کے تحت مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔ یہ واقعہ عالمی سطح پر پابندیوں کی خلاف ورزی، نگرانی میں کمی، اور شفافیت کے نظام پر بڑے سوالات کو جنم دے رہا ہے۔ اب یہ معاملہ بین الاقوامی سطح پر توجہ حاصل کر چکا ہے، اور امکان ہے کہ اس پر مزید تحقیقات اور ممکنہ قانونی کارروائیاں بھی عمل میں آئیں گی۔