واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے خبردار کیا ہے کہ جو ممالک ایران کو امریکی پابندیوں سے بچنے میں مدد فراہم کریں گے، انہیں بھی امریکی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
برائن کِل میڈ شو کو انٹرویو دیتے ہوئے مارکو روبیو نے بھارت اور ایران کے درمیان ممکنہ تجارتی معاہدے کی اطلاعات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ دونوں ممالک کے درمیان کوئی تجارتی معاہدہ طے پایا ہے۔روبیو نے کہا کہ دنیا کے ممالک اپنی آزاد خارجہ پالیسیاں رکھتے ہیں اور کئی ممالک ایران کے ساتھ رابطے میں ہیں، تاہم کسی ملک کو ایران کے لیے ایسا نظام یا ذریعہ نہیں بننا چاہیے جس کے ذریعے تہران امریکی پابندیوں سے بچ سکے یا آمدنی حاصل کرسکے۔امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا مؤقف واضح ہے کہ ایران کو پابندیوں سے بچنے میں مدد دینے والے ممالک کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔مارکو روبیو کے مطابق امریکا کو خدشہ ہے کہ ایران پابندیوں سے بچ کر حاصل ہونے والی آمدنی کو دہشت گردی کی حمایت اور جوہری ہتھیاروں کی تیاری کے لیے استعمال کرسکتا ہے، اسی لیے ایران کی مدد کرنے والے ممالک کو بھی امریکی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔