اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں جہازوں کی محفوظ آمد و رفت کی رکاوٹیں عالمی معیشت کو شدید نقصان پہنچا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس اہم آبی گزرگاہ میں پیدا ہونے والی صورت حال توانائی، ٹرانسپورٹ، صنعت اور خوراک کی عالمی منڈیوں پر منفی اثر ڈال رہی ہے۔ اپنے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں انتونیو گوٹریس کا کہنا تھا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے اثرات ہر گزرتے لمحے کے ساتھ مزید سنگین ہوتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آبنائے ہرمز جیسے اہم راستے میں رکاوٹ عالمی سپلائی چین کو متاثر کر رہی ہے اور اس کے نتیجے میں دنیا کی معیشت دباؤ کا شکار ہے۔
سیکریٹری جنرل نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ جلد از جلد مذاکرات کا راستہ اپنائے اور ایسے حل تلاش کیے جائیں جو خطے کو مزید تباہی سے بچا سکیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ موجودہ بحران نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔