شادی شدہ لڑکی آشنا کے ساتھ گھر میں واردات کے بعد گرفتار

شادی شدہ لڑکی آشنا کے ساتھ گھر میں واردات کے بعد گرفتار

لاہور سے ایک حیران کن واردات سامنے آئی ہے جہاں ایک شادی شدہ لڑکی نے اپنے آشنا کے ساتھ مل کر اپنے ہی گھر میں چوری کی اور بعد ازاں فرار ہو گئی، تاہم دونوں ملزمان کو لاہور میں گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق، موبائل اسکواڈ بابو صابو نے پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرتے ہوئے ایک مشکوک جوڑے کو روکا اور چیکنگ کے دوران انکشاف ہوا کہ یہ جوڑا میانوالی کے علاقے تھانہ موسیٰ خیل کی پولیس کو مطلوب ہے۔ لڑکی مصباح اور اس کا آشنا شہزاد اپنے ہی گھر میں چوری کی واردات کے بعد فرار تھے۔ڈی ایس پی مبشر اعوان کے مطابق، ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ لڑکی شادی شدہ ہے اور اس نے اپنے آشنا کے ساتھ مل کر گھریلو سامان، زیورات اور نقدی چوری کی۔ پولیس نے دونوں کے قبضے سے 3 تولہ طلائی زیورات اور 6 لاکھ روپے نقدی برآمد کر لی ہے۔

ملزمان کے خلاف میانوالی کے تھانہ موسیٰ خیل میں مقدمہ درج ہے۔ لاہور پولیس نے میانوالی پولیس کو گرفتاری کی اطلاع دے دی ہے اور قانونی کارروائی کے لیے دونوں کو تھانہ شیراکوٹ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں سے مزید تفتیش جاری ہے اور امکان ہے کہ مزید اہم انکشافات سامنے آئیں گے۔