پاکستان کھوکھلی دھمکیوں سے ڈرنے والا نہیں:گورنر پنجاب

بھارتی فوج پاکستان میں دہشت گردی کے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتی،وفد سے گفتگو
لاہور (خصوصی رپورٹ )گورنر پنجاب سلیم حیدر خان کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے پاس پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں بھارت کے ملوث ہونے کے ٹھوس ثبوت موجود ہیں ،پاکستان بھارتی دھمکیوں سے ڈرنے والا نہیں،بھارتی فوج پاکستان میں دہشت گردی کے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتی۔ گورنر پنجاب سلیم حیدر خان سے گورنر ہائوس لاہور میں پیپلز پارٹی کے وفد نے ملاقات کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف ہونے والی دہشت گردی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جعفر ایکسپریس واقعہ میں بھی بھارت کا ہاتھ ہے، عالمی برادری پاکستان میں دہشت گردوں کو بھارت کی جانب سے مختلف اکائونٹس میں رقوم کی فراہمی کا نوٹس لے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان ایک جدید ایٹمی پاور ہے، جس کا خوف مودی کو سونے نہیں دیتا۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں پاکستان کی بقا کی جنگ پاک فوج کے ساتھ مل کر لڑیں گی۔