عثمان نے دکان کے اندر سے جھلسے ہوئے پانچ افراد کو ریسکیو کیا،سی ٹی او کی شاباش،انعام کااعلان
لاہور(کرائم رپورٹر)راوی روڈ سلنڈر سے دکان میں آتشزدگی کا سانحہ ،ٹریفک پولیس کا ہیروٹریفک اسسٹنٹ عثمان نے کمال بہادری کا مظاہرہ کرتے ھوئے آگ میں جھلستے ہوئے لوگوں کی زندگی بچا لی ۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق عثمان پی ایس ایل کی ڈیوٹی پر جا رہا تھا کچھ میٹر پہلے ہی دھماکا ہوا ، دکان میں آگ لگ گئی اورراہگیروں میں بھگڈر مچ گئی مگر عثمان نے بہادری کا مظاہرہ کیا اور دکان کے اندر آگ سے جھلسے ہوئے لوگوں کو باہرنکالا۔5 لوگوں کو ٹریفک اسسٹنٹ عثمان نے ایک گاڑی کو روک کر فوری طبی امداد کیلئے ہسپتال روانہ کیا۔اسی اثنا میں دکان کی چھت گرنے کی اور چیخنے کی آوزیں آئیں۔ عثمان نے بھاگ کر ہمسایہ کی مدد سے ان کی چھت پر جا کر ایک خاتون اور بچے کی جان بچائی۔ ٹریفک اسسٹنٹ عثمان نے ساتھ والے گھر کے لوگوں کو بھی فوری ریسکیو کیا جن کے گھر کے شیشے وغیرہ ٹوٹ چکے تھے۔سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید نے ٹریفک اسسٹنٹ عثمان کی کمال بہادری پرشاباش دی اور ان کے لئے تعریفی سند کے ساتھ انعام کا اعلان بھی کیا۔