ویب ڈیسک: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر جنگی جنون سوار ہے، اور اس کے اقدامات خطے کے امن کو تباہ کر سکتے ہیں۔
جنوبی ایشیا میں قیام امن کے موضوع پر پالیسی ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے متعدد واقعات میں بھارت ملوث رہا ہے۔ پہلگام واقعے پر پاکستان پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں کیونکہ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار رہا ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار جانیں قربان کر چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کاکول میں پہلگام واقعے کی تحقیقات کی پیشکش کی تھی لیکن بھارت نے اس پر توجہ نہیں دی۔ مودی اپنے ملک میں پہلے کبھی اتنے کمزور سیاسی مقام پر نہیں تھے جتنے آج ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارتی الزامات کے بعد صحافیوں کو وہ مقامات بھی دکھائے جن پر بھارت انگلی اٹھاتا رہا ہے۔ ہم امن کے خواہاں ہیں مگر اپنی امن پسندی کو کمزوری نہیں بننے دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا چاہتا ہے، جبکہ کسی بین الاقوامی معاہدے کو یکطرفہ طور پر ختم نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستان کشمیر سمیت تمام مسائل کا پرامن حل چاہتا ہے۔پالیسی ڈائیلاگ میں سابق سیکرٹری خارجہ جوہر سلیم، ڈاکٹر معید یوسف اور سینیٹر مشاہد حسین سید نے بھی خطاب کیا۔ مشاہد حسین نے کہا کہ بھارت کو اپنی مس کیلکولیشن کی وجہ سے عسکری، سیاسی اور سفارتی محاذوں پر نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ صدر ٹرمپ کے حالیہ بیانات اور پاکستان کے لیے ٹیرف میں کمی خطے میں پاکستان کے لیے نئے مواقع پیدا کر رہی ہے۔