وفاقی وزیر امیر مقام کا کہنا ہے کہ مولانا حامد الحق کو کافی عرصے سے دھمکیاں موصول ہو رہی تھیں اور گزشتہ روز کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور دردناک ہے۔
اکوڑہ خٹک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے کی صورتحال سب کے سامنے ہے اور دہشت گرد گھومتے پھرتے ہیں، جس سے عوام میں خوف و ہراس پھیلا ہوا ہے۔ امیر مقام نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ یہاں کی صورتحال کو بہتر کرے، اور اگر کسی احتجاج یا اسلام آباد کی طرف چڑھائی کی بات ہو تو یہ صوبائی حکومت کا کام ہے۔انہوں نے اس بات کا بھی اظہار کیا کہ صوبے میں موجودہ سیاسی جماعتیں آپس میں اس بات پر جھگڑ رہی ہیں کہ کون سی ایم بنے گا، اور ان کے احتجاج ناکام ہو چکے ہیں، اسی طرح گرینڈ الائنس بھی اس وقت کوئی مؤثر قدم نہیں اٹھا رہا۔وفاقی وزیر نے وفاقی کابینہ میں توسیع کو بہتر کارکردگی کے لیے ضروری قرار دیا اور کہا کہ اس سے اخراجات میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا، بلکہ یہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔