اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کی شرح بہتر بنائیں:ڈاکٹر عثمان

زیادتی کے کیسز میں انویسٹی گیشن افسران ڈی این اے لازمی کروائیں
لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی  زیرصدارت شیخوپورہ اور فیصل آباد ریجن کی کرائم میٹنگ سنٹرل پولیس آفس پنجاب لاہور میں منعقد ہوئی۔ آئی جی پنجاب نے شیخوپورہ اور فیصل آباد ریجنز میں کرائم کنٹرول، لا اینڈ آرڈر اور سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ کرائم میٹنگ میں آر پی او شیخوپورہ اطہر اسماعیل، آر پی او فیصل آباد ذیشان اصغر، سی پی او فیصل آباد صاحبزادہ بلال عمر اور متعلقہ اضلاع کے ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ آئی جی پنجاب نے دونوں ریجنز میں چالاننگ، ملزمان کی گرفتاری اور ریکوری پوزیشن کا جائزہ لیا۔ آئی جی پنجاب نے شیخوپورہ ریجن کو کرائم کنٹرول کے لئے کارکردگی بہتر بنانے جبکہ فیصل آباد میں نئے تعینات ہونے والے آر پی او اور سی پی او کو کرائم کنٹرول کے لئے بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کی ہدایت کی۔آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ سنگین جرائم کے اشتہاری مجرمان کی گرفتاری اور چالاننگ کی شرح بہتر بنائیں۔ رمضان المبارک کے دوران مساجد، عبادت گاہوں، مارکیٹوں اور شہریوں کی سکیورٹی یقینی  بنائیں۔ ڈی پی اوز 1787، سی ایم کمپلینٹس اور ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن پر شکایت کنندگان سے خود رابطہ کرکے فیڈ بیک لیں۔ بلائنڈ مرڈر، خواتین اور بچوں سے زیادتی و دیگر سنگین کیسز  کے حل پر فوکس کریں۔ خواتین اور بچوں سے زیادتی کے کیسز میں انویسٹی گیشن افسران ڈی این اے لازمی کروائیں اور لائن آف انکوائری کو فالو کریں۔اینٹی ریپ ایکٹ ٹریننگ ماڈیول کے تحت اپریل میں انویسٹی گیشن افسران کا تربیتی کورس کروایا جائے گا۔ جنسی جرائم کے تشکیل کردہ ڈیٹا رجسٹر کے ذریعے مجرمان کی ریگولر سرویلنس یقینی بنائیں۔اشتہاریوں کی گرفتاری کے لئے ٹاسک لسٹ کے ذریعے گرفتاری کے اہداف دیں۔ ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن اظہر اکرم، ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب وقاص نذیر، اے آئی جی آپریشنز اور اے آئی جی  مانیٹرنگ میٹنگ میں موجود تھے۔