لاہور بہتر ہوگیا ، ٹریفک نظام بھی بہت بہتر ، اس میں سب کا کردار: ریمارکس
سکولز کی چھٹی کے وقت سروس روڈز کو ون وے کیا جائے :جسٹس شاہد کریم
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے سکولز کی چھٹی کے وقت متعلقہ سروس روڈز کو ون وے کرنے کی ہدایت کردی ،جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے کہ ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کو 10ہزار جرمانے کریں ،پوری دنیا میں لوگ ایک جیسے ہی ہوتے ہیں، جب سزا ئوں کا ڈر ہوگا تو پھر چیزیں ٹھیک ہونگی۔ جسٹس شاہد کریم نے سموگ کے تدارک کے حوالے سے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔ مختلف محکموں نے کارکردگی رپورٹ پیش کی ،ممبر جوڈیشل کمیشن نے بتایا کہ عدالت نے حکم دیا تھا کہ سکولز ڈراپ لائنز بنائیں مگر ایل ڈی اے سکولز کو نوٹس کر کے خاموش ہوگیا ، آپ چیف ٹا ئون پلانر کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیں، وکیل ایل ڈی اے نے بتایا کہ چار کنال والے سکولز کو ڈراپ لائنز بنانے کے احکامات دے دیے ہیں ، جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیے کہ سکولوں کی چھٹی کے وقت ایک مکمل ٹریفک پلان ہونا چاہیے،اگر ایل ڈی اے سکولز کی چھٹی کے وقت ٹریفک ون وے کردے تو بہت سے مسئلے حل ہونگے، آپ سی ٹی او کے ساتھ بیٹھ کر ٹریفک پلان بنائیں ، سکولز کی پارکنگ ہونی چاہیے، عدالت نے کہا گلبرگ کے نالے کو کور کر کے بہت کچھ بنایا جاسکتا ہے، ممبر جوڈیشل کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ ٹریفک وارڈنز کے ہیلتھ الا ئونس کے لیے آئی جی نے سمری بھجوا دی ہے عدالت ہوم ڈیپارٹمنٹ کو سمری منظور کرنے کی ہدایت جاری کردے، ماحولیاتی آلودگی سے سب سے زیادہ ٹریفک وارڈنز متاثر ہوتے ہیں جب انکی صحت ہوگی تو کام بھی اچھا ہوگا، جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیے کہ لاہور بہت بہتر ہوگیا ،اس میں سب کا کردار ہے،میچز کے دوران ٹریفک کا نظام بھی بہت بہتر ہے ،اس پر سٹی ٹریفک پولیس کو داد دینا بنتی ہے ،عدالت نے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔