راولپنڈی (آن لائن) انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت نے 26 نومبر کو تحریک انصاف کے پرتشدد مظاہروں اور احتجاج کے مقدمات میں گرفتار 29 ملزمان کی ضمانت منظور کر لی ہے، 20 کی درخواستوں پر فیصلہ نہ ہو سکا۔ مذکورہ ملزمان کی درخواست ضمانتوں پر سماعت کے بعد ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ نے یہ درخواستیں ریمانڈ کرتے ہوئے انسداد دہشت گردی عدالت کو از سر نو سماعت کا حکم دیا تھا۔ گذشتہ روز 51 ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں کی سماعت کے موقع پر استغاثہ کی جانب سے پراسیکیوٹر سید ظہیر شاہ پیش ہوئے ۔عدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد اٹک کے 14 میں سے 2 ملزمان کی درخواست ضمانت خارج کرتے ہوئے 12 کی ضمانت منظور کر لی اور راولپنڈی کے 37 ملزمان میں سے 17 کی ضمانت منظور کر لی جبکہ 20 کی درخواستوں پر فیصلہ نہ ہو سکا۔