پیکا کو سپورٹ نہیںکرتا،فیک نیوز کے خاتمے میں میڈیا کو کردار ادا کرنا ہوگا،سینئر وزیرسندھ
کراچی (آئی این پی)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ اگر ہم مل کر کوشش کریں تو ملک میں سیاسی استحکام لاسکتے ہیں، پیکا کی سپورٹ نہیں کرتا، لیکن یو ٹیوب پر غلط خبر دینے یا الزام عائد کرنے والے کو سخت سزا ہونا چاہیے۔سینئر صوبائی وزیر نے کراچی میں پاکستان سٹاک ایکسچینج میں گھنٹی بجا کر کاروبار کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ فیک نیوز کے خاتمے میں میڈیا کو کردار ادا کرنا ہوگا، میڈیا بریکنگ اور لال ڈبوں کے چکر میں خبر دیتا ہے یہ جانے بغیر کہ اس کے کیا اثرات ہوں گے، کوئی یوٹیوب پر غلط خبر دیتا ہے یا الزام لگاتا ہے تو اسے سخت سزا ہونا چاہیے۔شرجیل میمن نے کہا کہ پنجاب ہمارا ملک ہے کوئی دشمن ملک نہیں، ان کے منصوبوں کی تعریف کرنا چاہیے، ہم سندھ میں ایک ہزار پنک سکوٹیز سے آغاز کررہے ہیں، میری خواہش ہے کہ یہ تعداد ایک کروڑ ہوجائے، سندھ حکومت نے دو لاکھ سولر پینل فراہم کیے،21لاکھ گھر بنائے جا رہے ہیں جن میں سے ساڑھے سات لاکھ گھر بن چکے ہیں،ہم ہائوسنگ پراجیکٹس میں دنیا کا ریکارڈ توڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں کوئی کشیدگی نہیں ہے بھلے سیاسی اختلافات کیوں نہ ہوں، ہمیں پاکستان کی معیشت کو بہتر کرنے پر توجہ دینا ہے۔