پنجاب کے 256 سکولوں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا فیصلہ

پنجاب میں 50 الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز بھی نصب کیے جائیں گے
70 کروڑ روپے کی لاگت سے سکولوں میں بجلی کے مسائل ختم ہوں گے،حکام
لاہور(زیڈاین این)پنجاب میں توانائی کے متبادل ذرائع کو فروغ دینے کے لیے 70 کروڑ روپے کی لاگت سے 256 سرکاری اسکولوں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے پہلے مرحلے میں ہائر سیکنڈری اسکولوں کو سولر سسٹم پر منتقل کیا جائے گا، جس میں لاہور کے 15 اسکول بھی شامل ہیں۔حکام کے مطابق اس منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 5 ہزار 515 کلو واٹ صلاحیت کا سولر پاور سسٹم نصب کیا جائے گا، جس سے تعلیمی اداروں میں بجلی کے مسائل پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ توانائی کے اخراجات میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔ یہ منصوبہ محکمہ انرجی پنجاب کی زیر نگرانی مکمل کیا جائے گا۔منصوبے کے تحت 50 الیکٹرک وہیکل (ای وی) چارجنگ اسٹیشنز بھی نصب کیے جائیں گے، جو ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ میں مددگار ثابت ہوں گے۔ حکام نے کہا کہ سولرائزیشن منصوبہ نہ صرف تعلیمی اداروں کو مستحکم توانائی فراہم کرے گا بلکہ پنجاب میں گرین انرجی کے استعمال کو بھی فروغ دے گا۔