شوگران میں پھنسے سیاحوں کو ریسکیو کرلیا گیاوادی تیراہ میں فوج کا ریلیف آپریشن جاری، مری میں سڑکوں سے برف صاف
مری /لاہور/اسلام آباد /مظفر آباد / گلگت (خصوصی رپورٹ ) مغربی ہوائوں کا ایک اور سلسلہ آج ملک میں داخل ہو گا، جس سے آج رات سے مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں بھی بارش اوربرفباری ہو سکتی ہے۔ کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف مقامات پر کئی کئی فٹ برف موجود ہے جس کے باعث رابطہ سڑکیں بند رہیں، کاغان شہر تک سڑک کلیئر کردی گئی ، شوگران میں پھنسے سیاحوں کو ریسکیو کرلیا گیا، لوئر دیر اور کرم میں برف میں پھنسی متعدد گاڑیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا۔ادھر استور میں برف باری کے بعد نظام زندگی مفلوج ہوگیا، استور ویلی روڈ بحال نہیں ہوسکا، سوات میں وادی کالام میں برفباری کے بعد سڑکوں کی بندش برقرار ہے اور ہزاروں سیاح اپنی گاڑیوں سمیت مختلف مقامات پر اب تک پھنسے ہوئے ہیں۔ ادھر وادی تیراہ میں شدید برف باری کے باعث پاک فوج کی ریلیف سرگرمیاں اتوار کو بھی جاری ر ہیں، برف میں پھنسنے والی متعدد گاڑیوں کو نکال کر محفوظ مقامات تک منتقل کیا گیا ہے۔ متاثرہ خاندانوں کو کھانا،کمبل اور ہنگامی طبی امداد فراہم کی جارہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق پاک فوج کی پیشہ ورانہ حکمت عملی کے باعث علاقے میں زمینی رابطے بحال ہوئے۔ کوئٹہ،قلات اور زیارت میں شدیدسردی کے باعث سڑکوں ،گھروں کی ٹینکیوں اورلائنوں میں بھی پانی جم گیا۔ کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5 اور قلات میں منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ سبی میں 5،گوادرمیں 6 اورتربت میں 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ، زیارت اور کچھی میں تفریحی مقامات پر جانے پر پابندی عائد کردی گئی ، دریں اثنا وزیراعلیٰ مریم نواز کی ٹیم نے دن رات ایک کرکے مری میں برف باری کے بعد185کلو میٹر چھوٹی بڑی48سڑکیں صاف کر دیں،برف صاف ہونے سے روڈز کلیئر ہونے پر مری کی رونقیں لوٹ آئیں،مری کے بیشتر حصوں میں ٹریفک کی آمد و رفت بحال ہوگئی، برف باری پر پھسلن سے بچائو کے لئے مری کی سڑکوں پر مسلسل نمک پاشی جاری ہے،وزیراعلیٰ کی ہدایت پر صوبائی وزیر ملک صہیب احمد،ڈی سی مری،ڈی پی او اور پوری ٹیم شب وروز سرگرم ہے،گورنر ہائوس، ابوظہبی روڈ، پنڈی پوائنٹ،کشمیر پوائنٹ،کوٹلہ ستیاں اوردیگر مضافاتی علاقے بھی برف ہٹانے کے بعد کھول دئیے گئے ہیں۔