لاہور سمیت11اضلاع کے ڈاکخانوں میں نادرا کائونٹرقائم

شہریوں کو شناختی کارڈ کی تجدید، گمشدہ کارڈ کے اجرا جیسی اہم خدمات فوری  فراہم کی جائیں گی

ہور(آئی این پی) شناختی کارڈ اور بے فارم بنوانے والوں کے لئے بڑی خوشخبری آگئی ، نادرا کا شہریوں کی سہولت کے لیے بڑا اقدام سامنے آیا۔تفصیلات کے مطابق عوام کو قومی شناختی کارڈ کی سہولت مزید آسان اور تیز تر بنانے کے لیے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا)نے ایک اور اہم قدم اٹھایا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر اور چیئرمین نادرا کی نگرانی میں، ڈائریکٹر جنرل نادرا لاہور ریجن نے لاہور سمیت مختلف اضلاع کے 11 ڈاک خانوں میں خصوصی نادرا کانٹرز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔نادرا کے ترجمان نے بتایا کہ یہ خصوصی کانٹرز محکمہ پاکستان پوسٹ، پنجاب ریجن کے تعاون سے لاہور کینٹ، جی پی او، مانگا منڈی، شیرشاہ کالونی، شاہدرہ، قلعہ شیخوپورہ، قصور، نارووال، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور اوکاڑہ کے ڈاک خانوں میں قائم کیے گئے ہیں۔ان مراکز پر شہریوں کو شناختی کارڈ کی تجدید، گمشدہ کارڈ کے اجرا جیسی اہم خدمات فوری اور سہل انداز میں فراہم کی جائیں گی۔اب شہریوں کو نادرا سینٹرز میں لمبی قطاروں میں انتظار نہیں کرنا پڑے گا، بلکہ وہ قریبی ڈاک خانوں سے بھی بآسانی اپنی شناختی دستاویزات کی تجدید اور ترمیم کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔