انڈین پریمیئر لیگ 2026 کے فائنل کے بعد گجرات ٹائٹنز کی ٹیم ایک بڑے اور ممکنہ خطرناک حادثے سے بال بال بچ گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب گجرات ٹائٹنز کے کھلاڑی اور سپورٹ اسٹاف احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں فائنل میں شکست کے بعد ہوٹل واپس جا رہے تھے۔راستے میں ٹیم کی بس میں مبینہ طور پر شارٹ سرکٹ کے باعث اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں گاڑی کے اندر دھواں بھر گیا اور صورتحال خطرناک ہو گئی۔ڈرائیور نے فوری طور پر خطرے کو بھانپتے ہوئے بس روک دی اور تمام کھلاڑیوں اور عملے کو بروقت باہر نکال لیا، جس سے ایک بڑے حادثے سے بچاؤ ممکن ہوا۔خوش قسمتی سے اس واقعے میں کسی کھلاڑی یا اسٹاف ممبر کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ٹیم کے ارکان کو تقریباً ایک گھنٹے سے زائد سڑک کنارے انتظار کرنا پڑا، بعد ازاں متبادل بس کا انتظام کیا گیا اور تمام افراد کو بحفاظت ہوٹل منتقل کر دیا گیا۔حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ بس میں آگ لگنے کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔