لاہور کے علاقے ٹبی سٹی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں 70 سالہ بزرگ شہری اللہ رکھا ایک جھگڑے کے دوران تشدد کے نتیجے میں جان کی بازی ہار گئے۔
پولیس کے مطابق مقتول اللہ رکھا ناشتہ لینے کے لیے نوگزہ چوک گیا تھا جہاں اس کا افتخار عرف ججی سے کسی بات پر جھگڑا ہو گیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق جھگڑا بڑھنے پر ملزم نے بزرگ شہری کو مبینہ طور پر تھپڑ مارے، جس کے باعث وہ زمین پر گر کر شدید زخمی ہو گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد مقتول کے بیٹے نے انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔ایس پی سٹی عاطف امیر کے مطابق ٹبی سٹی پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہے جبکہ پولیس نے ملزم افتخار عرف ججی کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں۔پولیس حکام کے مطابق واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش جاری ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ ملزم کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔