پاکستانی اداکارہ درفشاں سلیم نے فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد سوشل میڈیا پر اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی پوسٹ میں انہوں نے حج کے سفر کو صبر، شکر اور اللہ پر مکمل بھروسے کی علامت قرار دیا۔ انہوں نے لکھا کہ یہ سفر ان کی زندگی کے سب سے یادگار لمحات میں شامل ہے، اور انہیں یہ سعادت اپنے والدین کے ساتھ نصیب ہوئی۔درفشاں نے بتایا کہ دورانِ سفر ان کے والدین نے ہمت اور استقامت کا مظاہرہ کیا، حالانکہ وہ خود رمی کے پہلے ہی روز طبیعت ناساز ہونے کے باعث بیمار ہو گئی تھیں۔ انہوں نے مختلف ممالک سے آئی خواتین کے ساتھ مل کر دعائیں مانگنے اور عبادات کرنے کے تجربے کو بے حد خوبصورت قرار دیا، اور کہا کہ اس سفر نے انہیں دین کو صرف الفاظ میں نہیں بلکہ عملی زندگی میں سمجھنے کا موقع دیا۔
اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ یہ روحانی سفر ان کے دل کے بوجھ کو کم کرنے اور دنیاوی وابستگیوں سے آزاد ہونے کا سبب بنا۔ انہوں نے کہا کہ جسمانی تھکن کے باوجود دل مطمئن اور روحانی طور پر پرسکون ہے۔ پوسٹ کے آخر میں انہوں نے تمام مسلمانوں کے لیے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہر صاحبِ استطاعت کو حج کی سعادت نصیب فرمائے اور یہ مقدس سفر انسان کے اندر مثبت تبدیلی لائے۔درفشاں سلیم کے اس جذباتی پیغام کے بعد مداحوں اور شوبز شخصیات نے انہیں حج کی سعادت پر مبارکباد دی اور نیک تمنائیں ظاہر کیں۔