کراچی: پاکستان کی سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے نوجوان اداکارہ درفشاں سلیم کی اداکاری اور اسکرین پر ان کی سادگی و خوبصورتی کی کھل کر تعریف کرتے ہوئے انہیں پورے 9 نمبر دے دیے۔
عتیقہ اوڈھو نے درفشاں سلیم کی پرفارمنس پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے حوالے سے ایک اہم بات کہنا چاہتی ہیں۔ ان کے مطابق درفشاں نے اپنے حالیہ ڈرامے میں نہ تو میک اپ کیا، نہ لپ اسٹک لگائی اور نہ ہی مصنوعی پلکوں کا استعمال کیا۔سینئر اداکارہ کا کہنا تھا کہ درفشاں نے اپنے بالوں کو بھی کسی خاص انداز میں نہیں سنوارا، جبکہ ان کے لباس میں بھی کوئی غیر معمولی چیز یا خاص فیشن اسٹائل نظر نہیں آتا۔ اس سادگی کے باوجود وہ اسکرین پر بے حد خوبصورت دکھائی دیتی ہیں۔
عتیقہ اوڈھو نے کہا کہ یہ درفشاں سلیم کا اپنا کمال ہے کہ وہ بغیر کسی مصنوعی بناوٹ کے اتنی پیاری لگ رہی ہیں۔ ان کے مطابق اداکارہ کی یہی سادگی ان کے کردار کو حقیقت سے قریب اور فطری بناتی ہے۔انہوں نے درفشاں کی اداکاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک حقیقی کردار تخلیق کیا ہے، جو دیکھنے والوں کو متاثر کرتا ہے۔ عتیقہ اوڈھو نے نوجوان اداکارہ کو شاباش دیتے ہوئے بطور اداکارہ ان کی پرفارمنس کو 9 نمبر دیے۔سینئر اداکارہ کی جانب سے درفشاں سلیم کی اس تعریف کو شوبز حلقوں میں نوجوان اداکارہ کی صلاحیتوں کا اعتراف قرار دیا جا رہا ہے۔