کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ درفشاں سلیم نے برائیڈل لک میں ریمپ واک کرکے فیشن کی دنیا میں ایک بار پھر اپنی دلکشی کے جلوے بکھیر دیے۔
اداکارہ کے شاہانہ عروسی انداز اور پُراعتماد واک نے فیشن شو میں موجود حاضرین کی توجہ حاصل کرلی۔حال ہی میں درفشاں سلیم نے معروف فیشن ڈیزائنر کنول ملک کے برائیڈل فیشن شو ’زیب النساء‘ میں بطور شو اسٹاپر شرکت کی، جہاں انہوں نے روایتی عروسی لباس میں ریمپ پر واک کی۔اداکارہ نے اس موقع پر گہرے سرخ رنگ کا خوبصورت برائیڈل جوڑا زیب تن کیا ہوا تھا، جس پر سنہری کڑھائی اور نفیس نقش و نگار نے لباس کی خوبصورتی کو مزید نمایاں کیا۔ ان کا لباس مغلیہ دور کی شاہانہ طرزِ پوشاک سے متاثر دکھائی دیا، جس میں روایتی ثقافت اور جدید فیشن کا حسین امتزاج نظر آیا۔
درفشاں سلیم نے نہایت پُراعتماد انداز میں ریمپ واک کی اور اپنے دلکش برائیڈل لک سے فیشن شو میں موجود شرکاء کی بھرپور توجہ حاصل کی۔ ان کے انداز، لباس اور مجموعی شخصیت کو سراہا گیا۔فیشن شو کے بعد اداکارہ کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں، جہاں مداحوں کی جانب سے ان کے عروسی انداز کو بے حد پسند کیا جا رہا ہے۔ صارفین نے درفشاں سلیم کے شاہانہ لک اور خوبصورت ریمپ واک پر تعریفی تبصرے بھی کیے۔