لاہور(کرائم رپورٹر) پنجاب پولیس جہلم نے وزیراعلیٰ پنجاب شکایت سیل کی چیئرپرسن ظاہر کرکے سرکاری پروٹوکول اور سہولیات حاصل کرنے کی کوشش کرنے والی خاتون کو ساتھی سمیت گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ملزمہ مہناز سعید نے خود کو وزیراعلیٰ پنجاب شکایت سیل کی چیئرپرسن ظاہر کرتے ہوئے جہلم سٹی پولیس سے رابطہ کیا اور بطور چیئرپرسن اپنا تعارف کروایا۔ ملزمہ کی جانب سے پولیس سے پروٹوکول اور دیگر سرکاری سہولیات کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ تصدیق کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب شکایت سیل سے رابطہ کیا گیا تو متعلقہ حکام نے مہناز سعید سے کسی بھی قسم کے تعلق کی تردید کر دی، جس پر جعلسازی ثابت ہونے پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ اور اس کے ساتھی کو گرفتار کر لیا اور مقدمہ درج کر دیا۔ پولیس کے مطابق گاڑی کی تلاشی کے دوران شراب بھی برآمد ہوئی ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔