کار سوار ملزم نے مبینہ طور پر ڈنڈوں اور پستول کے بٹ سے حملہ کیا ، مقدمہ درج
لاہور(کرائم رپورٹر) ڈیفنس بی کے علاقے میں راستہ مانگنے کے لیے گاڑی کا ڈپر مارنے پر جھگڑا شدت اختیار کر گیا، جہاں کار سوار ملزمان نے ایک شہری کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ پولیس کے مطابق کیولری گراؤنڈ کے رہائشی کوسین حیدر جانور کی خریداری کے لیے جا رہے تھے کہ راستے میں گاڑی کا ڈپر مارنے پر تلخ کلامی ہوئی جو بعد ازاں جھگڑے میں تبدیل ہو گئی۔ مدعی کے بیان کے مطابق ملزمان نے پستول کے بٹ اور ڈنڈوں سے حملہ کر کے انہیں زخمی کر دیا اور دورانِ تشدد 61 لاکھ روپے مالیت کی نقدی، گھڑی اور سونے کی چین بھی چھین کر فرار ہو گئے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ حاشر ریاض، رانا فہد، مومن اور حارث ریاض کے خلاف درج کر لیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔