لاہور(کرائم رپورٹر)ستوکتلہ کے علاقے میں لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) کے ملازم پر مبینہ تشدد کا واقعہ پیش آیا، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق ملزمان جاوید کھوکھر، آصف کھوکھر اور قاسم نے اجرت کے پیسے مانگنے پر ایل ڈبلیو ایم سی کے ملازم شہزاد مسیح کو ڈنڈوں اور پائپوں سے تشدد کا نشانہ بنایا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس حرکت میں آئی اور ملزمان کو گرفتار کر کے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیاایس پی صدر رانا حسین طاہر نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ تشدد کے واقعات پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے۔ایس پی صدر کا مزید کہنا تھا کہ غنڈہ گردی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔