پاکستانیوں سمیت غیر ملکیوں کی دکانوں پر لوٹ مار ، جنوبی افریقہ چھوڑنے کیلئے 30 جون کا الٹی میٹم
لاکھوں پاکستانی جنوبی افریقہ میں مقیم ، پاکستانی ہائی کمیشن سے فوری سفارتی مداخلت کا مطالبہ کردیا
جوہانسبرگ (خصوصی رپورٹ )سائوتھ افریقہ میں مظاہرین کی پاکستانیوں سمیت غیر ملکیوں کو ملک چھوڑنیکیلئے30 جون تک ڈیڈ لائن دیدی گئی ساؤتھ افریقہ میں غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف ملک گیر احتجاج اور پرتشدد واقعات کے باعث غیر ملکی کمیونٹیز میں تشویش بڑھ گئی ہے۔ مقامی تنظیموں کی جانب سے احتجاجی تحریکوں اور ہڑتالوں کے دوران جوہانسبرگ، پریٹوریا اور ڈربن سمیت مختلف شہروں میں پاکستانیوں سمیت غیر ملکیوں کی دکانوں پر لوٹ مار اور انہیں گھروں سے نکالنے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ موجودہ صورتحال میں پاکستانی کمیونٹی بھی متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں، جس کی تعداد تقریباً 3 لاکھ کے قریب بتائی جاتی ہے۔سوشل میڈیا پر یہ دعویٰ بھی گردش کر رہا ہے کہ 30 جون کے بعد غیر ملکیوں سے متعلق کوئی بڑا فیصلہ متوقع ہے، تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی۔ پاکستانی کمیونٹی اور ان کے اہل خانہ نے حکومتِ پاکستان اور جنوبی افریقہ میں پاکستانی ہائی کمیشن سے فوری سفارتی مداخلت اور واضح مؤقف اختیار کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ وہاں مقیم پاکستانیوں کے تحفظ اور مستقبل کو یقینی بنایا جا سکے۔