بالی ووڈ اداکارہ اور گلوکارہ نورا فتحی مراکش کی فیفا ورلڈ کپ میں اہم کامیابی کے بعد اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور اسٹیڈیم میں ہی خوشی کا بھرپور اظہار کیا۔
مراکشی نژاد اداکارہ میچ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم میں موجود تھیں، جہاں انہوں نے مقابلے سے قبل اپنی ٹیم کی کامیابی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پیشگوئی کی تھی کہ مراکش فتح حاصل کرے گا۔
میچ کے دوران نورا فتحی مسلسل سوشل میڈیا پر اپنے ردعمل شیئر کرتی رہیں۔ 89ویں منٹ میں مراکش کے گول پر انہوں نے خوشی کا اظہار کیا، تاہم مقابلہ برابر ہونے کے بعد اضافی وقت تک چلا گیا، جس دوران وہ خاصی پریشان اور بے چین دکھائی دیں۔
بالآخر پنالٹی شوٹ آؤٹ میں مراکش نے نیدرلینڈز کو 2-3 سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی، جس کے بعد نورا فتحی جذباتی ہو گئیں۔ انہوں نے خوشی سے کہا، "ہم گھر نہیں جا رہے، ہم کوالیفائی کر گئے!" اور فتح کا جشن رقص کرکے منایا۔
واضح رہے کہ مقررہ اور اضافی وقت میں دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 1-1 سے برابر رہا، جس کے بعد فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔
مراکش کی جانب سے گول کیپر یاسین بونو نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اہم سیوز کیے، جبکہ اسماعیل صیباری نے فیصلہ کن پنالٹی اسکور کر کے اپنی ٹیم کو اگلے مرحلے میں پہنچایا، جہاں اس کا مقابلہ کینیڈا سے ہوگا۔