لاہور: نجی ہوٹل میں آتشزدگی کی تحقیقاتی رپورٹ مکمل، آگ لگنے کی وجہ سامنے آ گئی

لاہور: نجی ہوٹل میں آتشزدگی کی تحقیقاتی رپورٹ مکمل، آگ لگنے کی وجہ سامنے آ گئی

لاہور کے علاقے گلبرگ میں واقع نجی ہوٹل میں آتشزدگی کے واقعے پر ایل ڈی اے اور دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کر لی گئی ہے، جس میں ہوٹل انتظامیہ کی جانب سے قوانین کی متعدد سنگین خلاف ورزیوں کا انکشاف ہوا ہے۔

تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق ہوٹل کے بی ون فلور پر بوائلر نصب تھا، جسے ایل پی جی سلنڈر کے ذریعے چلایا جا رہا تھا، حالانکہ اس نوعیت کے بوائلر کے لیے ایل پی جی کے استعمال کی اجازت موجود نہیں تھی۔ ابتدائی شواہد کے مطابق بوائلر سے گیس لیکج ہوئی جو آگ لگنے کی بنیادی وجہ بنی۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہوٹل میں ایئر کنڈیشنگ اور ہیٹنگ کے لیے HVAC سسٹم نصب تھا، جسے قواعد کے مطابق سوئی گیس پر چلانے کی اجازت دی گئی تھی، تاہم ہوٹل انتظامیہ نے مبینہ طور پر ایل پی جی سلنڈر استعمال کیے۔ ایل پی جی کے استعمال کے باعث HVAC سسٹم کے سینسرز متاثر ہوئے اور گیس لیکج کا بروقت پتہ نہ چل سکا۔

تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ ہوٹل کا فائر الارم سسٹم خودکار طور پر فعال نہیں تھا۔ آگ لگنے کے بعد الارم مینول طور پر چلایا گیا، جس کے باعث ہوٹل میں موجود افراد کو بروقت اطلاع نہ مل سکی اور انخلاء میں تاخیر ہوئی۔رپورٹ کے مطابق سول ڈیفنس ڈیپارٹمنٹ نے تقریباً ڈھائی ماہ قبل ہوٹل کو حفاظتی انتظامات بہتر بنانے کے لیے نوٹس جاری کیا تھا، تاہم ہوٹل انتظامیہ نے اس پر عملدرآمد نہیں کیا۔حکام کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق مزید تفصیلی تحقیقات جاری ہیں اور حتمی رپورٹ کی روشنی میں ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔